لاہور: پنجاب پولیس نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
رواں سال صوبے بھر میں پتنگ بازی اور اس سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 11 ہزار 397 ملزمان کو گرفتار کرکے 10 ہزار 849 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ لاکھوں پتنگیں اور ہزاروں ڈور کی چرخیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں پتنگ بازی کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 لاکھ 99 ہزار 340 پتنگیں اور ڈور کی 19 ہزار 361 چرخیاں قبضے میں لی گئیں۔ پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
لاہور میں 5 ہزار 740 ملزمان گرفتار
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پتنگ بازی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس کی کارروائیوں کے دوران شہر میں 5 ہزار 740 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف 5 ہزار 466 مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان کے مطابق لاہور میں کارروائیوں کے دوران 2 لاکھ 17 ہزار 176 پتنگیں اور ڈور کی 7 ہزار 875 چرخیاں برآمد کی گئیں۔ پولیس مختلف علاقوں میں پتنگوں اور ڈور کی تیاری، خرید و فروخت اور پتنگ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔
دھاتی ڈور اور آن لائن کاروبار کے خلاف بھی کارروائی کا حکم
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی کسی صورت قابل برداشت نہیں اور اس سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو دھاتی ڈور کی تیاری، خرید و فروخت اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بھی کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دھاتی اور تیز دھار ڈور موٹر سائیکل سواروں، پیدل چلنے والوں اور دیگر شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ اس کے باعث ماضی میں مختلف حادثات پیش آتے رہے ہیں، جن میں شہری زخمی ہوئے اور قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔
والدین سے بچوں کو پتنگ بازی سے دور رکھنے کی اپیل
آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل سے دور رکھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین کا تعاون حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پتنگ بازی، دھاتی ڈور کی فروخت یا اس سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔