اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ربیکا گرینسپن سے ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کثیرالجہتی نظام (ملٹی لیٹرلزم) کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر مکمل عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر اور غیرجانبدارانہ انداز میں عمل درآمد کیا جائے، جبکہ بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام بھی یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستون، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں متوازن پیش رفت ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش معاشی، موسمیاتی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو تیز کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران ربیکا گرینسپن نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی دیرینہ اور مؤثر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے میں پاکستان نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے حالیہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ربیکا گرینسپن نے کہا کہ خطے میں امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی مثبت سفارتی کاوشیں عالمی سطح پر اہمیت کی حامل ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کا مسلسل تعاون قابلِ قدر ہے۔ملاقات میں عالمی امن، بین الاقوامی تعاون، ترقیاتی ایجنڈے، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے مستقبل کے کردار سے متعلق مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔