وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں حلقہ جاتی مسائل، عوامی فلاحی اقدامات اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کاہنہ سانحے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا بھی کی۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو پنجاب کا تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور "اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم، گرین الیکٹرک بس منصوبے، روڈ انفراسٹرکچر، بیوٹیفکیشن منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سبق قائد محمد نواز شریف سے سیکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن جاری ہے، جبکہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں تقریباً سوا لاکھ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے اضلاع میں عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات بھرپور انداز میں کرنے کی بھی ہدایت کی۔