ڈی پی او نے محکمانہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی،مقدمہ بھی درج
سردار علی اور لیڈی کانسٹیبل میں تلخ کلامی،اسلم نے معاملے پر پوسٹس کی تھیں
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ) ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے محکمانہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ منڈی احمد آباد میں تعینات اے ایس آئی محمد اسلم کے خلاف مقدمہ درج کروا کر اسے گرفتار کروا دیا، جبکہ محرر سردار علی کو معطل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ منڈی احمد آباد میں تعینات محرر سردار علی اور لیڈی کانسٹیبل خدیجہ کے درمیان تلخ کلامی اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ الزام ہے کہ اے ایس آئی محمد اسلم نے اس معاملے سے متعلق مختلف سوشل میڈیا گروپس میں پوسٹیں شی ر کیں، جس پر محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا۔ انکوائری رپورٹ ڈی پی او اوکاڑہ کو پیش کیے جانے کے بعد ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے محکمانہ ایس او پیز کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے اے ایس آئی محمد اسلم کے خلاف مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں محرر سردار علی کو بھی معطل کر دیا گیا۔ ڈی پی او اسد اعجاز ملہی کا کہنا ہے کہ محکمانہ نظم و ضبط اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔