لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں گریٹر اقبال پارک کی فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ (ایف پی یو) نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے دورانِ پٹرولنگ ملنے والا گمشدہ موبائل فون اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق اہلکاروں کو پارک میں ایک موبائل فون گرا ہوا ملا، جس کے بعد انہوں نے کوشش کر کے مالک کا سراغ لگایا۔ معلوم ہوا کہ موبائل کے مالک فیض علی اپنی فیملی کے ہمراہ فیصل آباد سے لاہور سیر و تفریح کے لیے آئے تھے۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے ایمانداری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔