پارکس اور مارکیٹس سے ملنے والے بچے بحفاظت والدین کے سپرد کر دئیے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے پارکس اور شاپنگ مارکیٹس میں تعینات ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 7 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر بچوں اور خواتین کو ہراسگی سمیت دیگر مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی فرینڈلی پٹرولنگ دستے سائیکلوں پر مختلف پارکس اور مارکیٹس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔گمشدہ ہونے والے بچے لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور دیگر اضلاع سے اہلِ خانہ کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے لاہور آئے تھے اور رش کے باعث اپنی فیملیز سے بچھڑ گئے تھے۔ والدین نے بچوں کی گمشدگی کی اطلاع پارکس میں موجود فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ اور ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دی۔ڈولفن، پی آر یو اور فرینڈلی پٹرولنگ یونٹس نے لاوارث حالت میں ملنے والے بچوں کو اپنی تحویل میں لے کر تلاش کے بعد والدین تک پہنچایا۔ گمشدہ بچوں میں 4 سالہ نور فاطمہ، 3 سالہ فزا، 3 سالہ راحت، 2 سالہ علی اور 4 سالہ فاروق سمیت دیگر بچے شامل تھے۔اپنے جگر کے ٹکڑوں کو بحفاظت واپس پا کر والدین نے ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔