اسلام آباد:ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود جون 2025 میں پاکستان کی ایران سے درآمدات کا سلسلہ برقرار رہا، جب کہ وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایران سے درآمدات میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جون 2025 کے دوران ایران سے 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی درآمدات ہوئیں، جو اس خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے باوجود ایک مستحکم تجارتی تعلق کا مظہر ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 سے جون 2025 کے دوران پاکستان نے ایران سے مجموعی طور پر ایک ارب 22 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی اشیاء درآمد کیں، جو اس سے پچھلے مالی سال 2023-24 میں ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھیں۔وزارت تجارت کے مطابق گزشتہ سال ایران سے درآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ زرعی مصنوعات، توانائی اور بنیادی اشیاء کی تجارت رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ایران نے گزشتہ سال دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا، اور اس ہدف کی جانب بتدریج پیش رفت جاری ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ اعداد و شمار دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کے استحکام کی عکاسی کرتے ہیں، باوجود اس کے کہ خطے میں سیاسی عدم استحکام موجود ہے۔