وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں ملکی سلامتی، ایران-اسرائیل کشیدگی، بجٹ امور اور پٹرولیم لیوی سمیت اہم معاملات پر غور کیا گیا۔
جنگ بندی پر اطمینان اور پاکستان کا مؤقف
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا:“اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے، پاکستان نے ایران کی بھرپور حمایت کی۔”کابینہ نے بھی ایران-اسرائیل کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف اور کوششوں کو سراہا۔
قومی سلامتی کمیٹی فیصلے اور کردار پر قرارداد
کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا۔مزید برآں، کابینہ نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ایران-اسرائیل تنازع کے دوران اور بعد میں کلیدی کردار پر قرارداد منظور کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
بجٹ اور پیٹرولیم امور
وزیر خزانہ نے کابینہ کو فنانس بل 2025-26 میں مجوزہ ترامیم اور تجاویز سے آگاہ کیا، جس کے بعد کابینہ نے فنانس بل کی منظوری دے دی۔کابینہ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم لیوی متعین کرنے کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو دینے کی منظوری بھی دے دی۔
دیگر اہم نکات:
اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایران-اسرائیل تنازع پر پاکستان کے سفارتی کردار کو بین الاقوامی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔کابینہ نے قومی اور علاقائی سلامتی کے تناظر میں آئندہ کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا۔