اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن (NTC) کی قانونی، انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کر دی ہے تاکہ ادارے کو نئی ٹیرف پالیسی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ ہدایت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی گئی، جس کی صدارت خود وزیر اعظم نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کی حالیہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی ریویو (تیسری فریق کے ذریعے تجزیہ) کرائی جائے گی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کمیشن کے پاس ملکی کاروباری، درآمدی و برآمدی منڈیوں سے متعلق زمینی حقائق جمع کرنے اور ان پر تجزیہ کرنے کی مکمل صلاحیت ہونی چاہیے تاکہ پالیسی سازی میں مدد ملے۔ انہوں نے زور دیا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی جدید اور مؤثر تحقیقی صلاحیت ملک کی معاشی ترقی اور صنعتوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔وزیر اعظم نے کمیشن کے اپیلیٹ ٹریبونل کو فوری طور پر فعال کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کمیشن کو درپیش تربیت، وسائل اور استعداد کار کے مسائل کے حل کے لیے حکومت مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت آئندہ ماہ اجلاس میں پیش کی جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور اعلیٰ حکومتی حکام شریک ہوئے۔یہ اقدام ملک کی صنعتی ترقی، تجارتی توازن اور معاشی خودمختاری کے لیے نیشنل ٹیرف کمیشن کے کردار کو مؤثر بنانے کی ایک بڑی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔