وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ادارے کی تنظیم نو، فعال کارکردگی، صنعتی فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔ تمام آپریشنل فنکشنز کی ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت، معیاری اصلاحات اور کیسز کو معینہ مدت میں نمٹانا یقینی بنایا جائے۔شہباز شریف نے قانونی پیچیدگیوں کے خاتمے، ایپلٹ ٹریبونل کی بہتری اور صنعت کاروں کی سہولت کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، عالمی معیار کے مطابق عملے کی تربیت اور پیشہ ور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں بین الاقوامی بہترین اطوار اپنانے کے ذریعے کمیشن کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین ٹیرف کمیشن نے وزیراعظم کو منظور شدہ روڈ میپ کے تحت جاری قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر قانون، وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر اقتصادی امور اور معاون خصوصی نے شرکت کی۔