پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش‘‘ہنزہ میں گلیشئر پھٹنے سے حسین آباد نالے میں طغیانی آگئی‘چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ‘ شاہراہ قراقرم بلاک
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش‘سیلاب سے تباہ کاریاں‘مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے:پی ڈی ایم اے
اسلام آباد، لاہور(آئی این پی )مون سون بارشوں کا زور دار سپیل برقرار ہے، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، اسلام پورہ، چوبرجی، اچھرہ، مسلم ٹائون، ماڈل ٹائون، گرین ٹائون، نشترٹائون، جوہرٹائون کے اطراف میں بادل برس پڑے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، گوجر خان، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے، خیبرپختونخوا میں لوئر دیر کے مختلف علاقوں مینگورہ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جب کہ آزادکشمیر کی وادی نیلم اورجہلم میں بھی بادل جم کر برسے۔گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔چلاس میں بارش سے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مقامات پر شاہراہ قراقرم بلاک ہوگئی،جس کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہیں۔مختلف مقامات پر رابطہ پل، سڑکوں،گھر اور زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ ہنزہ میں بھی گلیشئر پھٹنے سے حسین آباد نالے میں طغیانی آگئی۔سیلابی ریلے سے فصلیں ، زرعی زمین، واٹر چینل کو نقصان بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ دریائے سندھ میں کندیاں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 73 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔شیخوپورہ میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے، جبکہ لاہور میں بارشی پانی میں کرنٹ لگنے کے باعث ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا۔قصور کے علاقے نور پور میں کرنٹ لگنے سے 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوا، ہری کے نول میں دروازے میں کرنٹ آنے سے 55 سالہ سلام بی بی جاں دم توڑ گئی۔ریسکیو عملہ کے مطابق نفیس کالونی میں کھمبے سے کرنٹ لگنے کے باعث 9 سالہ محمد علی زخمی ہو گیا۔