موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوتی رہیں ‘ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی
گجرات اور گوجر خان سمیت کئی شہروں میں بارش‘ مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں ہوں گی:محکمہ موسمیات
اسلام آباد ( ایجنسیاںز‘انیٹرنگ ڈیکس)ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز، جڑواں شہروں میں شدید بارش ہوئی ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہوگئیں ، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ، شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔بارش نے 4.2 ارب روپے کی لاگت سے بننے والے جناح اسکوائر پراجیکٹ کی قلعی کھول دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محض 84 دن میں مکمل ہونے والا یہ منصوبہ پہلی ہی بارش کے اسپیل میں زمین بوس ہوتا دکھائی دیا، جس نے تعمیراتی معیار اور منصوبہ بندی پر سنگین سوالات اٹھا دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق جی فائیو اور آبپارہ کی طرف جانے والی سڑک بارش کے باعث بیٹھ گئی‘اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے اسلام آباد ہائی کورٹ کی چھتیں بارش کے بعد ٹپکنے لگیں۔اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد ہائیکورٹ بلڈنگ کے اندر پانی جمع ہوگیا۔بارش کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ کی مسجد سے ملحقہ ایریا سے پانی ٹپکنے لگا، پانی گرنے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے‘ گجرات اور گوجر خان میں بارش ہوئی۔ ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں برسنے کے امکانات ہیں، پنجاب میں بارشوں کی شدت تیز ہوگی، شدید بارشیں ہونے کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔