اسلام آباد: سابق سینیٹر مشتاق احمد نے باضابطہ طور پر نئی سیاسی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ کے قیام کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر مرکزی قیادت، کارکنان، رفقا اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔مشتاق احمد نے کہا کہ نئی جماعت 1973 کے آئین کے اصولوں کے مطابق کام کرے گی اور حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کو تسلیم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کا مقصد چند طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ، سماجی و معاشی انصاف، فوری اور سستا انصاف، آزادی اظہار، تعلیم و صحت کی فراہمی، غربت اور کرپشن کے خاتمے، ماورائے عدالت قتل اور غیر ضروری ملٹری آپریشنز کے خاتمے کے ساتھ وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی ہے۔مشتاق احمد نے موجودہ پارلیمانی نظام کو جعلی قرار دیا اور کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہار رائے پر پابندیاں ہیں۔ انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری، غذائی عدم تحفظ، منشیات، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن کو سنگین مسائل قرار دیا۔
انہوں نے دفاعی بجٹ، اشرافیہ کی اجارہ داری، آئی پی پیز کو ادائیگیوں، نوجوانوں کی بدحالی اور انسانی اسمگلنگ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ملٹری آپریشنز سے پہلے عوام، اسمبلیوں اور علاقائی جرگوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ افواج کو سیاسی سرگرمیوں سے اجتناب کرنے اور سرحدوں کی حفاظت پر توجہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درست سمت دینے کے لیے باصلاحیت اور دیانتدار قیادت سامنے لائی جائے، اور عام آدمی کو اس کے حقوق فراہم کیے جائیں۔یہ جماعت ملک میں سماجی و سیاسی اصلاحات، انسانی حقوق کی بحالی اور انصاف کے لیے سرگرم عمل رہنے کا دعویٰ کرتی ہے۔