اسلام آباد: اسلامک یونیورسٹی میں طالب علم کی مبینہ طور پر کتے کے حملے سے ہلاکت کے واقعے کے خلاف اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام طلباء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرنے، متاثرہ طالب علم کو انصاف فراہم کرنے اور ملک بھر کی جامعات میں طلباء یونینز بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے دوران طلباء نے نعرے بازی کی اور کہا کہ طالب علم کی مبینہ ہلاکت کے واقعے پر انصاف ملنے تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کی جان و سلامتی کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔اس موقع پر مظاہرین نے طلباء تحریک کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے نعرہ لگایا کہ ’’کاکروچ متحد ہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ طلباء کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی تمام یونیورسٹیوں میں طلباء یونینز فوری طور پر بحال کی جائیں۔ ان کے مطابق طلباء یونینز کی عدم موجودگی کے باعث طلباء کو اپنے مسائل اور حقوق کے لیے مؤثر پلیٹ فارم میسر نہیں۔
اسٹوڈنٹ رائٹس موومنٹ کے شرکاء نے سیاسی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی موروثی سیاست کو برقرار رکھنے کے لیے طلباء یونینز کی بحالی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہیں۔مظاہرین نے طلباء یونینز کی بحالی کے لیے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جدوجہد صرف ایک یونیورسٹی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طلباء کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جائے گی۔