حزب اللّٰہ نے اسرائیلی طیارے پر زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغنے کا دعویٰ کر دیا

حزب اللّٰہ نے اسرائیلی طیارے پر زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغنے کا دعویٰ کر دیا

حزب اللّٰہ نے بیروت سے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی جنگی طیارے کو نشانہ بنانے کے لیے پہلی بار زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل استعمال کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی افواج کے خلاف 80 سے زائد کارروائیاں کی ہیں، جس میں فائرنگ اور دیگر عسکری حملے شامل ہیں۔اس دوران ایران کے حمایتی یمنی گروہ حوثیوں نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ میں مزید ممالک شامل ہوئے یا بحیرۂ احمر کو حملوں کے لیے استعمال کیا گیا تو وہ براہِ راست فوجی مداخلت کریں گے۔حوثیوں کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایک ٹی وی خطاب میں کہا کہ گروہ کی ’انگلیاں ٹریگر پر ہیں‘ اور کسی بھی نئے عسکری اتحاد کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف کشیدگی بڑھنے پر بھی فوراً ردعمل دیا جائے گا، تاہم کارروائی کی نوعیت اور دائرہ ابھی واضح نہیں کیا گیا۔اس واقعے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور بین الاقوامی برادری کی نظر خطے میں ممکنہ فوجی ردعمل اور سلامتی صورتحال پر مرکوز ہو گئی ہے۔