پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی نے ضابطہ فوجداری ترمیم بل 2025ء منظور کرلیا
لاہور (خصوصی رپورٹ ) پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے پیڈا ایکٹ ترمیمی بل دوہزار پچیس منظور کر لیا، بل کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد انکوائری دو سال میں مکمل نہ ہونے پر اب کارروائی ختم نہیں ہوگی، مجازاتھارٹی تحریری وجوہات کے ساتھ انکوائری میں توسیع کر سکے گی۔پیڈا انکوائری اب کسی مخصوص مدت کی پابند نہیں رہے گی، ریٹائرڈ افسران کے خلاف پیڈا کارروائی کئی سال تک جاری رہ سکے گی دو سال بعد پیڈا کارروائی ختم ہونے سے متعلق قانونی سقم ختم ہوگیا۔عدالتی فیصلوں کے باعث ختم ہونے والی پیڈا کارروائیوں کے مسئلے کا حل نکال لیا گیا۔پیڈا ترمیمی بل پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر کو بھجوایا جائے گا، گورنرپنجاب کی منظوری کے بعد پیڈا ترمیمی بل قانون بن جائے گا۔پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی نے ضابطہ فوجداری پنجاب ترمیم بل 2025ء کی منظوری دے دی۔بل کے متن کے مطابق اس ترمیم کے تحت ضابطہ فوجداری کی دفعہ 417میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کا تعلق ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل دائر کرنے کے اختیار سے ہے۔بل کے مطابق اب بریت کے خلاف اپیل دائر کرنے کی منظوری صوبائی حکومت کے بجائے محکمہ پبلک پراسیکیوشن پنجاب کے سیکریٹری دیں گے۔ ترمیم کے بعد سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ پبلک پراسیکیوٹر کو براہ راست بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایت دے سکیں گے۔یہ بل اب پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد گورنر پنجاب کو ارسال کیا جائے گا۔