لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے کھلاڑیوں کے انتخاب یعنی سلیکشن کے متنازع موضوع پر اپنا موقف سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ سلیکشن ایک ایسی بحث ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی، اور وہ بہت جلد اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔انہوں نے ایک ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ آج کل کرکٹ کا سیزن اور سلیکشن کی باتیں عروج پر ہیں، شعیب ملک نے انکشاف کیا کہ انہوں نے سلیکشن کی امید کی خاطر ہی اب تک انٹرنیشنل کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ نہیں لی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے متعلق ان کے کچھ تحفظات ہیں جنہیں وہ سب کے سامنے رکھیں گے، تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکے کہ سلیکشن کا درست طریقہ کار کیا ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ شعیب ملک کا شمار پاکستان کے تجربہ کار کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 35 ٹیسٹ میچز میں 1898 رنز بنائے اور 287 ون ڈے میچز میں 7534 رنز اسکور کیے۔