جانوروں پر تشدد،3ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) ہنجروال مرغزار کالونی میں جانوروں کو حبسِ بے جا میں رکھنے بھوکا رکھنے اور قتل کرنے کے واقعے میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی رضا، کاشف اور حسن علی کے نام سے ہوئی ہے جنہوں نے علاقے میں ایک جعلی کلینک بنا رکھا تھاپولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دس بلیاں، تین کتیا اور ان کے بچے برآمد کیے، جن میں سے پانچ بلیوں کے بچے مردہ حالت میں پائے گئے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان جانوروں کو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کے لیے تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حسن علی خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے جانوروں کا معائنہ کرتا تھا، حالانکہ وہ جعلی ڈاکٹر ہے۔ کارروائی کے دوران چند حاملہ بلیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا جن کی حالت تشویشناک تھی۔ہنجروال پولیس نے سب انسپکٹر محمد بلال یحیٰی کی مدعیت میں تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔