اسپیکر قومی اسمبلی کی سید خورشید شاہ کی رہائشگاہ آمد، عیادت اور نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد ( آن لائن )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ان کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے سید خورشید احمد شاہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سید خورشید احمد شاہ قومی اسمبلی کے ایک کہنہ مشق، تجربہ کار اور متحرک رکن ہیں جن کی ایوان میں موجودگی اور کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ سید خورشید احمد شاہ جلد صحت یاب ہو کر قومی اسمبلی کی کارروائی میں دوبارہ بھرپور انداز میں حصہ لیں گے۔سید خورشید احمد شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے عیادت اور خیریت دریافت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو خلوص اور پارلیمانی روایت کا مظہر قرار دیا۔