اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق جمعہ کو پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی رہائشگاہ پر گئے اور ان کی عیادت کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اوران کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ سپیکر ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ سید خورشید شاہ قومی اسمبلی کے کہنہ مشق اور متحرک رکن ہیں۔ انہوں نے خورشید شاہ کے جلد صحتیاب ہو کر قومی اسمبلی کی کارروائی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ خورشید شاہ نے خیریت دریافت کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی سے تشکر کا اظہار کیا۔