غزہ اور یوکرین میں امن کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت برطانیہ کیساتھ مضبوط تعلقات چاہتے ہیں شہبازشریف
وزیر اعظم نے سحر و افطار میں گیس کی عدم فراہمی پر نوٹس لے لیا‘شہباز شریف کا ایکسپورٹ فیسلیٹیشن سکیم کیخلاف شکایات کا بھی نوٹس، ترامیم و اصلاحات کے لئے اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ چارلس سوم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے شاہ چارلس سوم کو پاکستان کا دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ غزہ اور یوکرین میں دیرپا امن کے قیام کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔دریں اثناء شہباز شریف نے رمضان کے دوران سحر و افطار میں گیس کی فراہمی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے اس حوالے سے رات گئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں سوئی کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سینئر انتظامیہ کے ساتھ سحر و افطار میں گیس کی فراہمی کے مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔وزیر اعظم کی ہدایات پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے فوری طور پر گیس پریشر میں 10 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ گیس ڈسٹریبیوشن مراکز کے آخری سروں پر واقع علاقوں میں سحری اور افطار کے اوقات سے 30-45 منٹ پہلے گیس کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، جس سے ان علاقوں میں گیس کے پریشر میں بہتری آئے گی۔ شہباز شریف نے ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم کے خلاف شکایات کا نوٹس لے لیا۔وزیرِ اعظم نے اسکیم میں ترامیم و اصلاحات کے لیے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دے دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی میں وفاقی وزرا برائے خزانہ، تجارت، چیئرمین ایف بی آر، ایف بی آر کے ممبر کسٹمز اور ممبر آئی آر پالیسی شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ کمیٹی میں چیئرمین اپٹما، چیئرمین پی ٹی ای اے، چیئرمین پی سی جی اے اور سیکریٹری تجارت شامل ہوں گے۔