وزیراعظم سے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے مالکان کی ملاقات، شفاف بڈنگ اور بیرونی سرمایہ کاری پر اطمینان
اسلام آباد ( آن لائن )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیالکوٹ ٹیم حاصل کرنے والی فرم او-زیڈ ڈویلپر کے نمائندے حمزہ مجید اور حیدرآباد ٹیم حاصل کرنے والی فرم ‘‘ایف کے ایس کے فواد سرور شریک تھے۔وزیراعظم نے دونوں نمائندگان کو کامیاب بڈنگ پر مبارکباد دی اور نئی ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے شفاف اور کامیاب بڈنگ کے انعقاد پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی مینجمنٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ نئی ٹیموں کی بڈنگ کا عمل براہِ راست ٹیلی ویژن پر نشر ہونا اس کی شفافیت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کے مطابق دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو فروغ ملے گا اور نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ اور حیدرآباد کی ٹیمیں پی ایس ایل کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی اور لیگ کی مسابقت، کشش اور معیار میں مزید اضافہ کریں گی۔