ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے:آئی جی

پولیس کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں : عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں صدر پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ و آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس، ٹریننگ، ویلفیئر اور میڈیکل سہولیات سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو اور پولیس کھلاڑیوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ چیف سپورٹس آفیسر و آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے بورڈ کے اغراض و مقاصد، اہداف اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ صوبائی پولیس آرگنائزیشنز کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ پولیس کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔ انٹر ریجنز، انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر یونٹس مقابلوں کے ذریعے کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے۔مزید بتایا گیا کہ گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 3 لاکھ روپے، سلور میڈل پر 2 لاکھ اور کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر 1 لاکھ روپے کیش انعام دیا جا رہا ہے۔ کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں پولیس کھلاڑیوں نے 32 تمغے حاصل کیے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ ٹیلنٹ ہنٹ اور سٹریٹجک ڈویلپمنٹ پروگرامز کے ذریعے نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے اور مختلف کھیلوں میں مہارت رکھنے والے نوجوان ایتھلیٹس کو ٹیموں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس مینٹورز کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں پولیس کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، چیف سپورٹس آفیسر اطہر اسماعیل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔