لاہور (سپورٹس ڈیسک) پنجاب پیڈل ایسوسی ایشن کے صدر شاہد فقیر نے کہا ہے کہ ملک میں جاری نیشنل پیڈل چیمپئن شپ میں نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے اور پاکستان پیڈل فیڈریشن نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیگزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پاکستان پیڈل فیڈریشن کی جانب سے گراس روٹ سطح پر پیڈل کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کی کوششیں قبل تعریف ہیں اور پاکستان پیڈل فیڈریشن کا کراچی میں کھیلی گئی نیشنل گیمز 2026 میں ملکی تاریخ میں پہلی بار پیڈل کے کھیل کو شامل کروانا خوش آئند بات تھی۔ جس پر پاکستان پیڈل فیڈریشن صدر محمد متین سمیت دیگر عہدیدار، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید، سیکرٹری جنرل خالد محمود چوہدری اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری احمد علی راجپوت کی مشکور ہے کہ جن کی کاوشوں اورکوششوں کے باعث یہ پیڈل کا کھیل نیشنل گیمز میں شامل ہوا۔ نیشنل پیڈل چیمپئن شپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل پیڈل چیمپئن شپ کراچی میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور کچھ عناصر نے اس چیمپئن شپ کو بھر پور طریقے سے رکوانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے اور انشاء اللہ یہ نیشنل پیڈل چیمپئن شپ 17 جنوری کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں شاہد فقیر نے کہا کہ ملک میں پیڈل کا کھیل تیزی سے مقبولیت اختیار کر رہا ہے اور گراس روٹ سطح پر تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بڑے شوق سے پیڈل کے کھیل کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کر رہے ہیں۔