نائب صدر ن لیگ حمزہ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے والد اور میں نے جیل میں مشکل ترین وقت گزارا، لیکن ہم نے غلط باتوں کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔
حمزہ شہباز نے پارٹی ورکرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "پارٹی ورکرز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ مشکل ترین دور میں انہوں نے پارٹی کا سب سے زیادہ ساتھ دیا اور مشکلات برداشت کرنے کے باوجود پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔"انہوں نے بلدیاتی انتخابات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی سے ایک بل پاس ہونا چاہیے، جس کے تحت پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات ایک وقت میں کروائے جائیں تاکہ اختیارات نیچے تک منتقل ہوں اور عوام کو بہتر انداز میں ریلیف ملے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کرتی رہی ہے، اور ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے بچانے میں پارٹی کی مثبت پالیسیاں اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں سب سے زیادہ محنت ملکی معیشت کو بہتر کرنے میں کرنی ہے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔"