پاناما کے بعد والد پر مشکل وقت آیا، میں سیاست میں آئی اور دو بار بغیر قصور کے جیل گئی:مریم نواز

پاناما کے بعد والد پر مشکل وقت آیا، میں سیاست میں آئی اور دو بار بغیر قصور کے جیل گئی:مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع چکوال میں اسکول آف ایکسیلینس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی ذاتی اور سیاسی جدوجہد کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے بعد والد نواز شریف پر مشکلات آئیں، جس کے بعد انہوں نے سیاست میں قدم رکھا۔ مریم نواز نے بتایا کہ انہیں بھی دو بار بغیر قصور کے جیل جانا پڑا، جہاں قید کے دوران حالات بہت سخت تھے۔وزیر اعلیٰ نے تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی پر بھی زور دیا، کہا کہ گزشتہ سال پنجاب میں 30 ہزار اسکالرشپس دی گئیں اور اس سال صوبے کے طلبہ کو سوا لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو صوبے کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر قرار دیا اور کہا کہ بیٹیوں کے لیے راستہ بند نہ کیا جائے۔مریم نواز نے صوبے میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرائم کی شرح میں کمی کے اقدامات کیے اور صوبے کو محفوظ بنانے کی کوششیں کیں۔

 انہوں نے پنجاب میں تاریخی سیلاب اور اس کے دوران کیے گئے ریلیف آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے دیگر صوبوں کی تنقید پر بھی ردعمل دیا اور کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کا مقصد صرف عوام کی خدمت تھا، نہ کہ عہدے یا شہرت، اور والد کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑا ہونا ان کا فرض تھا۔