قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی جذباتی باتیں نہیں کرتے اور جو الفاظ ادا کیے ہیں، ان پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ 1990 کی دہائی سے اسمبلی کے رکن ہیں اور فوج میں کس صوبے کا کتنا حصہ ہے، اس پر بحث نہیں چاہتے بلکہ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔ اچکزئی نے کہا کہ ان کی باتیں کسی صوبے یا علاقے کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے عوام اور جمہوریت کی حمایت میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ جمہوریت کے مخالفین کے خلاف بولیں گے، اور پشتون عوام کی اقتصادی خودکشی کو روکنے کے لیے آواز بلند کریں گے۔ اچکزئی نے کہا کہ وہ آئین کے دائرے میں رہنے والی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، اور ملک کے ہر شہری کو حق حکمرانی میں برابر حصہ ملنا چاہیے۔مزید برآں، انہوں نے کہا کہ ان کی تقاریر تعصب کی بنیاد پر نہیں ہیں اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ افغانوں کو شہریت دینے میں کوئی برائی نہیں تھی۔