واردات کی منصوبہ بندی ناکام، 2 رکنی گینگ گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) لوئر مال پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واردات کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو رکنی متحرک گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھیایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں قابو کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں، غیر قانونی اسلحہ اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عثمان اور احمد کے نام سے ہوئی ہے، جن کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔ایس پی سٹی بلال احمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او لوئر مال نبیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔