انسانی سمگلر کے ستائے شہری کی خودکشی

 وزیرآباد کے40سالہ احسن اقبال کو بحرین روانہ ہوناتھا،ایجنٹ نے دھوکہ دیدیالاش نجی ہوٹل کے کمرے سے ملی
لاہور(کرائم رپورٹر)نولکھا کے علاقے میں نجی ہوٹل کے کمرے سے 40سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ نولکھا میں آسٹریلیا مسجد کے قریب نجی ہوٹل کے کمرے میں 40سالہ احسن اقبال کومردہ حالت میں پایا گیا۔پولیس کے مطابق متوفی احسن اقبال ولد محمد اکرم کا تعلق وزیر آباد سے اوراسے زہر دئیے جانے کا شک ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق متوفی ہوٹل اے ون کے کمرہ نمبر 207میں رہائش پذیرتھا،اسے تین دن قبل بحرین روانہ ہونا تھا، انسانی سمگلرکی دھوکہ دہی کے باعث متوفی بحرین روانہ نہ ہو سکا،متوفی نے آخری کال میں اپنی بہن کو دلبرداشتہ ہو کر روداد سنائی اور خود کشی کا عندیہ دیا۔ خاندان کوموت کی اطلاع دے دی گئی، واقعہ کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ٹریول ایجنٹ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔