جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہو گئے، گنڈا پور نے حسب روایت لچرپن سے بانی کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کی
پختونخوا کے عوام نے انتشار اور جلا ئوگھیرائو کی سیاست کو مسترد کر دیا، جلد مریم نواز خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی سکالرشپ فراہم کریں گی
لاہور(آئی این پی ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بھی بانی پی ٹی آئی کی انتشار اور جلا ئوگھیرائو کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، حکومتی وسائل کے استعمال اور سرکاری ملازمین کی جلسہ گاہ حاضریاں لگاکر بھی صوبائی میں پانچ ہزار بندے اکٹھے نہیں کرسکے۔ اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنید اکبر اپنے پہلے امتحان میں ہی بری طرح فیل ہو گئے ہیں، جبکہ علی امین گنڈا پور نے حسب روایت لچرپن سے بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسی ضلع سے لوگ نہیں نکلے اور جو نکلے، وہ بھی صرف دکھاوے کے لیے گرفتاریاں دینے آئے تاکہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے نمبر بنا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتوں کے بعد عوام احتجاجی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے بھی دیکھ لیا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس اور سکالرشپ مل رہے ہیں، لہٰذا انہیں بھی یہی سہولتیں ملنی چاہئیں۔ عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ انشا اللہ جلد ہی مریم نواز خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی سکالرشپ فراہم کریں گی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔