بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے گرینڈ مذاکرات کی پیشکش‘ ہم مل بیٹھیں تو بہت سی آسانیاں پیدا ہوسکتی ہیں، صوبے کے جائز مسائل اور شکایات بار بار سننے کیلئے تیار ہیں:وزیراعظم

دہشت گردی کے پیچھے دشمن ممالک بلوچستان کے مسائل بندوق نہیں، مذاکرات سے حل ہونگے:شہبازشریف
کسی بھی مسئلے یا  شکایت کی آڑ میں کوئی محب وطن شخص بندوق نہیں اٹھا سکتا، بندوق اٹھانا اور معصوم لوگوں کو شہید کرنا ناقابل جواز ہے‘ شناختی کارڈ کی بنیاد پر کسی شخص کی جان لینا بھی کسی صورت جائز نہیں
گھس بیٹھئے دشمن ممالک سے وسائل حاصل کر رہے ہیں‘  وسائل کی منصفانہ تقسیم بلوچستان کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے:    وزیراعظم کا بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے گرینڈ ڈائلاگ کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے  اگر آج بھی ہم مل بیٹھیں تو بہت سی آسانیاں پیدا ہوسکتی ہیں، صوبے کے جائز مسائل اور شکایات ایک بار نہیں بلکہ بار بار سننے اور ان کا حل نکالنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا  چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ہی پاکستان ترقی کرے گا۔بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ  بلوچستان بلوچ اور پشتون اقوام پر مشتمل پاکستان کا اہم حصہ ہے۔ بلوچ قوم کی تاریخ دلیری، مہمان نوازی، رواداری اور عظیم روایات سے مزین ہے۔ قیام پاکستان کے وقت بلوچستان کے مختلف حصوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا اور بلوچ عمائدین و عوام نے دل کی آواز پر پاکستان کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ ڈائیلاگ کا بنیادی مقصد بلوچ عوام اور ان کے نمائندوں کی بات سننا  ہے۔ بلوچستان پاکستان کا اہم اور امیر ترین صوبہ ہے جو معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، تاہم جغرافیائی اعتبار سے سب سے بڑے صوبے کے مسائل بھی بڑے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مسائل بندوق کے زور پر حل نہیں ہوسکتے۔ کسی بھی مسئلے یا  شکایت کی آڑ میں کوئی محب وطن شخص بندوق نہیں اٹھا سکتا، جبکہ  بندوق اٹھانا اور معصوم لوگوں کو شہید کرنا ناقابل جواز ہے۔ شناختی کارڈ کی بنیاد پر کسی شخص کی جان لینا بھی کسی صورت جائز نہیں، ایسے اقدامات کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں اور گھس بیٹھئے دشمن ممالک سے وسائل حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے شہداء￿  اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم بلوچستان کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے