منشیات فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں،سکیورٹی ہائی الرٹ

 لاہور(کرائم رپورٹر) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں دونوں ڈویڑنز کی مجموعی کارکردگی، لاء اینڈ آرڈرکی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق اہم امورپر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کویقینی بنانے کے لئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہورنے ہدایت کی کہ شہر کے اہم مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔انہوں نے پولیس دفاتر اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے بھی احکامات جاری کییبلال صدیق کمیانہ نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس افسران واہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فعال حکمت ِ عملی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز کئے جائیں۔انہوں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے سرچ آپریشنز میں مزید تیزی لانے اور منشیات فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے آن لائن منشیات فروشی میں ملوث عناصرپربھی کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ افسران کوالٹی آف انوسٹی گیشن میں مزید بہتری لائیں تا کہ ملزمان سزا سے بچ نہ سکیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال، اقبال ٹاؤن اور صدرڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔