لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ مانگا منڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عامر بوٹا اور صوبہ مسیح کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 3 کلو 430 گرام چرس برآمد کرلی۔ اسی طرح سمن آباد پولیس نے تین منشیات فروشوں عثمان، اسد اور جنید خان کو گرفتار کیا جن کے قبضہ سے 3 کلو چرس اور ایک کلو آئس برآمد کی گئی۔ پولیس نے اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم عمران کو گوشت مارکیٹ سے گرفتار کر کے پستول 30 بور بمہ گولیاں بھی برآمد کر لیں۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر اور ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔