لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے اعدادو شمار جاری کر دیئے۔رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 8439 ملزمان کو گرفتارکر کے 8244مقدمات کا اندراج کیا گیاہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے4066کلو چرس،797کلو آئس،445 کلو ہیروئین، 272کلو افیون اور48854لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہر میں منشیات فروشوں کی کوئی گنجائش نہیں۔سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران متعلقہ اداروں کے ساتھ انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس افسران منشیات کی آن لائن خریدو فروخت کے ذرائع پر بھی نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ منظم جرائم کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہر کومنشیات سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے۔