وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز سے یورپی یونین کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے یورپی یونین کی پاکستان خاص طور پر پنجاب سے انسانی حقوق کے معاملے پر شراکت داری اور تعمیری روابط کو سراہا۔
یورپی یونین کے نمائندے اولوف سکوگ نے پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور پنجاب حکومت کی انسانی حقوق کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے میکانزم کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے اور پنجاب حکومت جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں، خواتین، بچوں، خصوصی افراد اور دیگر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق اہم جائزہ اجلاس میں شرکت کی، اور اگست 2024 میں نسل پرستی کے خاتمے کے بین الاقوامی کنونشن (ICERD) کے تحت جائزہ کامیابی سے پیش کیا۔ مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اشتراک مستقبل میں مزید بنایا جائے گا۔