راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ چونکہ ٹرائل ابھی شروع نہیں ہوا، اس لیے بریت کی درخواست کیسے منظور کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ ٹرائل شروع ہونے کے بعد گواہان کے بیانات آنے دیں، پھر یہ دیکھنا ضروری ہے کہ بریت بنتی ہے یا نہیں۔
عدالت نے شیخ رشید کو مشورہ دیا کہ گواہان کے بیانات کے بعد دوبارہ بریت کی درخواست دائر کی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست بریت کو انسداد دہشت گردی عدالت نے پہلے ہی خارج کر دیا تھا، جسے شیخ رشید نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔