لاہور ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

 یہ فیصلہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے حوالے سے آیا، جس میں شیخ رشید نے ابتدائی سٹیج پر اپنی بریت کی درخواست دائر کی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کیس میں گواہ پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی ٹرائل مکمل ہوا ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے اپنی بریت کی درخواست ابتدائی مراحل میں ہی دائر کی تھی، حالانکہ کیس کی مزید پیشرفت ہونی باقی تھی۔ عدالت نے کہا کہ گواہوں اور شہادتوں کے مکمل ہونے کے بعد ہی بریت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

 اس سٹیج پر درخواست کو مسترد کیا گیا۔ عدالت نے مزید وضاحت کی کہ اگر ٹرائل کے دوران دوبارہ بریت کی درخواست دائر کی گئی تو اسے قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔شیخ رشید نے اپنی درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں، اس لیے انہیں سزا کا خطرہ نہیں۔ دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا کہ شریک ملزمان کے بیانات کی روشنی میں شیخ رشید کو کیس میں نامزد کیا گیا تھا۔عدالت نے فیصلہ میں یہ بھی کہا کہ درخواست گزار کو ٹرائل کی سطح پر بریت کی درخواست دائر کرنے کی آزادی ہے، اور اس درخواست پر بعد میں قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔