پاکستان میں ایک طرح مارشل لاء ہے ، ریاستی دہشتگردی سے نہتے عوام محفوظ نہیں: عمر ایوب‘ حکومت ہمیں جعلی کیسز میں مصروف رکھنا چاہتی ہے، آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں:شبلی فراز
پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کہنے والے اپنی اوقات میں رہیں، نیب کرپشن کو پروموٹ کرتا ہے، صرف انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال ہورہا ہے: وزیراعلی خیبرپختونخوا
پشاور (آئی این پی پی ٹی آئی نے مذاکرات نہ ہونے کی صورت میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا پاکستان میں ایک طرح مارشل لا ہے، ریاستی دہشتگردی سے نہتے عوام محفوظ نہیں، حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور مجھ سمیت دیگر رہنمائوں پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں عندیہ دیا کہ کمیٹی اپنے مطالبات منوانے کی کوشش کرے گی، اگر مذاکرات نہیں ہوتے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شبلی فرا ز نے کہا کہ جعلی حکومت ہمیں جعلی کیسز میں مصروف رکھنا چاہتی ہے، آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پر امن طریقے سے آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے مطالبات منوائے، یہ پاکستان کسی خاص طبقے کے لیے نہیں ہیں۔دریں اثناء نشتر ہال پشاور میں انسداد بدعنوانی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کہنے والے اپنی اوقات میں رہیں، سول نافرمانی کی تحریک اپنی فائنل نہیں ہوئی، عمران خان سے ملاقات کے بعد چیزیں فائنل ہوگی، جب چیزیں فائنل ہوگی سول نافرمانی کے بارے میں بتا دیں گے، نیب پر اربوں روپے خرچ ہورہے ہیں اور وہ کرپشن کو پروموٹ کرتا ہے جب کہ نیب صرف انتقامی کارروائیوں کے لیے استعمال ہورہی ہیں‘ ہم کرپشن کی مذمت کرتے ہیں مگر اس کرپشن کا حصہ ہیں، اتنے برس گزر جانے کے باوجود معاشرے سے کرپشن ختم کیوں نہیں ہورہی؟ ہم نے خود کو ٹھیک نہیں کیا ہم نے اپنا احتساب نہیں کیا، جس دن ہم نے کرپشن سے خود کو روکا اس دن کرپشن ختم ہو جائے گی