اڈیالہ جیل میں عمران خان سے علی امین گنڈا پور کی ملاقات، احتجاجی تحریک پر مشاورت ، رہنمائوں کو متحرک ہونے کی ہدایت

پی ٹی آئی احتجاج کے فائنل رائونڈکی تیاری
 ہمارے ساتھ یہی رویہ رہا تو آئی ایم ایف کیساتھ بات چیت میں نہیں بیٹھیں گے:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، عمران خان کے ہوتے ہوئے بیرسٹر گوہر ترجمانی نہیں کرسکتے :علیمہ خان ، بانی پی ٹی آئی کا پولیس کوتیسری بارپولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار 
لاہور،راولپنڈی ( خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے احتجاج کے فائنل رائونڈ کی تیاری کر رہی ہے ،رہنمائوں کو متحرک ہونے کی ہدایت کردی گئی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ، صوبہ کی سکیورٹی آئندہ بجٹ اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جو بات کرتے ہیں اس کے بعد ہماری رائے کی کوئی حیثیت نہیں۔ عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بیان دیا وہی میرا بیان ہے۔ مجھے ڈیوٹی ملی تھی کہ حکومت کو سنبھالوں لیکن اب احتجاج کیلئے بھی متحرک ہو نے کی ہدایت کے بعد اب متحرک ہو جائیں گے۔ کے پی واحد صوبہ ہے جس نے تمام ٹارگٹ پورے کئے اگر ہمارے ساتھ یہی رویہ رہا تو آئی ایم ایف کیساتھ بات چیت میں نہیں بیٹھیں گے۔ڈرون حملوں کی مذمت پہلے ہی کرچکا، دہشتگردوں کیساتھ سویلینز کا نقصان نااہلی ہے۔ ر ۔ بانی کو رہا کیا جا ئے ، عدلیہ فیصلہ کرے ہم ان کے ساتھ ہیں۔میرا لیڈر مجھے ویڑن دے گا تو میں آگے بڑھوں گا، سارا نظام بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کو ختم نہیں کرسکا، 40 ارب روپے کا کرپشن اسکینڈل آیا ہے یہ ایسے دکھایا جا رہا ہے جیسے میں نے کیا ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے سوال پوچھیں کہ میں نے ان کو مبارکباد دی ہے یا نہیں؟ میں وزیراعلیٰ ہوں میری ابھی تک ان سے ملاقات ہی نہیں ہوئی، لیکن ان سے میڈیا والے جب بھی ملیں یہ سوال ضرور کریں کہ علی امین نے آپ کو مبارکباد دی تھی یا نہیں۔بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کے خطاب پر بیرسٹر گوہر نے خراج تحسین بارے کوئی بیان دیا ہے تو وہ ذاتی حیثیت میں ہوگا، پارٹی کی رائے نہیں۔بانی پی ٹی آئی کا اس بارے میں بیان ہم نے دیدیا تھا۔ علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر بھی اگر کوئی مذاکرات کی بات کرے گا تو ہم نہیں مانیں گے۔ بانی کے ہوتے ہوئے بیرسٹر گوہر پارٹی کی ترجمانی نہیں کرسکتے۔ بانی نے واضح کہا ہے انہیں کوئی ملنے نہیں آیا ہے۔پارٹی کے اندر سے بھی اگر کوئی مذاکرات کی بات کرے تو ہم نہیں مانیں گے۔ یہ خبریں صرف توجہ ہٹانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیں۔لاہور میں درج نو مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے کیلئے اڈیالہ جیل آئی پولیس تفتیشی ٹیم کو تیسرے روز بھی ناکامی کا سامنا رہا۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ٹیسٹ کرانے سے متعلق تحریری انکار پر پولیس ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔تفتیشی ٹیم کو بانی پی ٹی آئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دو مرتبہ پہلے بھی ان ٹیسٹوں کو کرانے سے متعلق انکار کرچکا ہوں۔مجھے کسی تفتیش یا ٹیسٹ کیلئے پیش نہیں ہونا۔ 13 رکنی لاہور پولیس کی انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ڈی ایس پی جاوید آصف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا اگر بانی پی ٹی آئی نے ٹیسٹ نہیں دیئے تو انصاف کے تقاضے کیسے پورے ہوں گے؟ میرٹ پر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پولیس ٹیم کو عدم تعاون کا سامنا ہے۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی سے فواد چودھری ،بابر اعوان ،ریحانہ ڈار ، شبلی فراز ، زرتاج گل ، نعیم پنجوتھا ، علی اعجاز بٹر ، خالد یوسف چودھری ، مبشر مقصود اعوان اور دیگر نے ملاقات کی ، جس میں بانی پی ٹی آئی کو پارٹی امور ، موجود ملکی صورتحال اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔