فٹبال میں اندرونی بحران شدت اختیار، فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کے خلاف اختلافات بڑھنے لگے ہیں۔
یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (ایف اے سی) اور کونکاکاف نے مشترکہ خط کے ذریعے ان کی قیادت پر سخت تنقید کی ہے۔انہوں نے ورلڈ کپ کے تجارتی حقوق میں 20 فیصد حصہ نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی مجوزہ اسکیم پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ اس اقدام سے اعتماد کو نقصان پہنچا ہے۔اس منصوبے کے تحت تقریباً 4.2 ارب ڈالر حاصل کرنے کا ہدف تھا، مگر شدید مخالفت کے سبب اسے ترک کر دیا گیا۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور فٹبال کی قیادت کھیل کے مفادات کو ترجیح دے۔
ذرائع کے مطابق، یوئیفا، اے ایف سی اور کونکاکاف آئندہ فیفا ٹورنامنٹس کے بائیکاٹ پر بھی غور کر رہے ہیں۔دوسری جانب، افریقی کنفیڈریشن سمیت کئی ممالک نے انفینٹینو کی حمایت جاری رکھی ہے، جس سے فیفا کا اندرونی بحران مزید گہرا ہو رہا ہے۔