’میرا کرکٹ سے اعتبار ہی اٹھ گیا‘ مصباح کی اننگ پر سعید انور کے تاریخی الفاظ

’میرا کرکٹ سے اعتبار ہی اٹھ گیا‘ مصباح کی اننگ پر سعید انور کے تاریخی الفاظ

پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نے اپنے کیریئر کے ایک مشہور لمحے یعنی آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر تیز ترین ٹیسٹ سنچری کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانی بیان کی ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے بتایا کہ اس میچ سے پہلے ان کے ذہن میں ایک پرانا حساب چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر اسٹیو اسمتھ انہیں پہلے بھی دو بار آؤٹ کر چکے تھے، جس پر وہ یہ سوچ کر میدان میں اترے کہ اب اس بار حساب برابر کرنا ہے۔مصباح کے مطابق جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے تو ابتدا میں اسمتھ ہی بولنگ کر رہے تھے اور انہوں نے انہیں جلد آؤٹ بھی کر دیا تھا، تاہم پیٹر سڈل نے کیچ ڈراپ کر دیا جس کے بعد انہیں نئی زندگی مل گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع کے بعد انہوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور تیز رفتاری سے رنز بنانا شروع کر دیے۔ مصباح کے مطابق انہیں اس وقت اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ وہ کسی ریکارڈ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

بعد میں جب ان کی سنچری مکمل ہوئی تو انہیں معلوم ہوا کہ انہوں نے ویوین رچرڈز کا 56 گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ اس تاریخی لمحے کے بعد سابق اوپنر سعید انور نے انہیں فون کر کے مبارکباد دی اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب تو کرکٹ پر یقین ہی اٹھ گیا ہے، کیونکہ یہ کھیل کبھی بھی کچھ بھی کروا سکتا ہے۔واضح رہے کہ مصباح الحق نے یہ تاریخی اننگز 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ابو ظہبی ٹیسٹ میں کھیلی تھی، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچریز میں شمار ہوتی ہے۔