بھارتی فلم انڈسٹری کی 33 سالہ اداکارہ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں 73 سالہ فلم ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے پولیس کو دی گئی شکایت اور ایف آئی آر میں الزام عائد کیا کہ فلم ڈائریکٹر نے فلم سے متعلق بات چیت کے بہانے انہیں اپنے گھر بلایا، جہاں مبینہ طور پر انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔اداکارہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر انہیں نشہ آور دوا دی اور واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔پولیس نے اداکارہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے 73 سالہ ہدایت کار کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 12 اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اداکارہ کے بیان سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ہدایت کار فلم انڈسٹری سے طویل عرصے سے وابستہ ہیں اور متعدد معروف فلموں کی تحریر اور پروڈکشن کے شعبے میں کام کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حتمی قانونی فیصلہ تحقیقات اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔