اداکارہ شریا گپتا نے بالی ووڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے تجربات کو شیئر کیا ہے۔
شریا گپتا، جو سلمان خان اور رشمیکا مندانا کے ساتھ فلم "سکندر" میں نظر آئی ہیں، نے ساؤتھ انڈسٹری میں ایک کاسٹنگ کاؤچ کے خوفناک تجربے کا انکشاف کیا۔شریا نے بتایا کہ وہ چنئی میں پلی بڑھی ہیں اور ان کے پاس فلمی انڈسٹری میں کوئی سفارشی رابطے نہیں تھے، جس کی وجہ سے انہیں اپنے کیریئر کے آغاز میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے 2014 میں پیش آنے والے ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ایک ڈائریکٹر کے آفس میں آڈیشن کے لیے گئی تھیں، تو ڈائریکٹر نے انہیں گود میں بیٹھنے اور سین دکھانے کی درخواست کی تھی۔ شریا نے اس صورتحال کو بہت خوفناک اور پریشان کن قرار دیا اور فوری طور پر وہاں سے نکل آئی، جھوٹ بول کر کہ وہ سین تیار کرکے کل آئیں گی۔
شریا نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ ساؤتھ انڈسٹری میں کام کرنے کی بجائے ممبئی میں کام کریں گی، جہاں انہیں ایسا کوئی ناخوشگوار تجربہ نہیں ہوا۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں یہ واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے ناجائز فوائد کے لیے تیار نہیں اور اپنی عزت نفس کو کبھی مجروح نہیں ہونے دیں گی۔شریا گپتا کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات فلم انڈسٹری میں بہت عام ہیں، اور اس سے پہلے بھی کئی اداکارائیں اپنے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے تجربات کے بارے میں کھل کر بات کر چکی ہیں۔ شریا گپتا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی محنت اور لگن سے کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہیں اور کسی بھی غلط سمجھوتے کو مسترد کرتی ہیں۔