لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کیے گئے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تمام ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں متحرک رہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 2565 پولیس افسران و جوان گرجا گھروں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر کے مختلف گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور کینٹ، گلبرگ، مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سکیورٹی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گرجا گھروں میں سکیورٹی انتظامات، داخلی راستوں اور تعینات نفری کا جائزہ لینے کے ساتھ گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقات بھی کی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس بلا تفریق مکمل جذبے کے ساتھ شہریوں کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے دعائیہ تقریبات کے شرکاء سے اپیل کی کہ سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔