ڈی آئی جی آپریشنز کے یوحنا آباد، مال روڈ اور گلبرگ کے دورے، انتظامات کا جائزہ
لاہور (کرائم رپورٹر) دعائیہ تقریبات کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ 2860 پولیس افسران اور اہلکار گرجا گھروں کی سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ سپروائزری افسران بھی فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے یوحنا آباد، مال روڈ اور گلبرگ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گرجا گھروں کے داخلی و خارجی راستوں، پولیس نفری اور اطراف میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور سکیورٹی امور سمیت باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ تمام ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ گرجا گھروں اور اہم مقامات کے اطراف مؤثر پٹرولنگ اور چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ لاہور پولیس بلاامتیاز شہریوں کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے دعائیہ تقریبات میں شریک شہریوں سے اپیل کی کہ سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔