2 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان مختلف گرجا گھروں پر تعینات ہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے شہر بھر میں واقع گرجا گھروں کی سکیورٹی سخت کرتے ہوئے فول پروف انتظامات کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان مختلف گرجا گھروں پر تعینات کیے گئے ہیں جبکہ دعائیہ تقریبات پْرامن انداز میں جاری ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران خود فیلڈ میں موجود رہے اور سکیورٹی ڈیوٹیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹ انتھونی چرچ، میری چرچ انارکلی، کیتھیڈرل چرچ سمیت دیگر گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیاڈی آئی جی آپریشنز نے چرچ انتظامیہ سے ملاقات بھی کی، جس دوران انتظامیہ نے فراہم کی گئی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے سکیورٹی پر مامور پولیس جوانوں کو الرٹ رہنے اور اپنے فرائض مستعدی سے انجام دینے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ سپروائزری افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکیلاہور پولیس ہر روز مکمل جذبے اور بلا تفریق اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔