فیصل آباد:زہریلا کھانا کھانے سے12 افراد کی حالت غیر

بیکری پر ملازمین نے آلومٹر گاجر پکائے،ملکر کھانا کھایا،بعدازاں حالت خراب 
 فیصل آباد (خصوصی رپورٹ)زہریلا کھانا کھانے سے بیکری پر کام کرنیوالے12 ملازمین کی حالت غیر ہو گئی جنہیں فوری تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں ڈاکٹر انکی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ ملت چوک میں واقع معروف بیکری پر کام کرنیوالے ملازمین نے آلو مٹر گاجر پکائے اور ملکر کھانا کھایا، جسکے بعد 18 سالہ قاسم ولد ظفر اقبال سکنہ 305 ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ، 21سالہ علی حسن ولد عبدالغفور سکنہ مریدوالہ، 18سالہ اویس ولد رحمت سکنہ ملت ٹاؤن، 12سالہ محسن ولد رحمت سکنہ باوا چک، 16سالہ خادم ولد پرویز سکنہ ملت ٹاؤن، 17 سالہ قمر ولد شریف سکنہ 271 ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ، 14سالہ قاسم ولد اللہ بخش سکنہ اٹھارہ ہزاری، 18سالہ سمیع ولد فخر سکنہ 415 گ ب، 25سالہ ارسلان ولد عاشق سکنہ ملت ٹاؤن، 22 سالہ اللہ دتہ ولد حق نواز سکنہ فیصل آباد، 23 سالہ علی ولد حبیب سکنہ 20 رب اور 15 سالہ کاشف ولد عباس سکنہ شورکوٹ کی حالت غیر ہو گئی۔ بار بار قے اور دست آنے پرانہیں فوری الائیڈ ہسپتال داخل کروادیا گیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر بچا ہوا کھانا قبضہ میں لیکر ٹیسٹ کیلئے بھیج دیا۔ ذرائع کے مطابق ممکن ہے کہ کھانا بناتے وقت کوئی زہریلی چیز گر گئی ہو، جسکی وجہ سے کھانا کھانے سے سب کی حالت غیر ہو گئی ہو۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔