پتنگ فروش مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 4گرفتار

 جناز گاہ چوک سے پتنگیں، تیار چرخیاں اور ڈور بنانے کا سامان برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) لٹن روڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پتنگ فروش مافیا کے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو جناز گاہ چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے پتنگیں، تیار چرخیاں اور ڈور بنانے کا سامان برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان میں نفیس، بابر، عتیق اور قاسم شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پتنگیں اور چرخیاں تیار کرکے لاہور کے مختلف علاقوں میں فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا۔ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ پتنگ بازی، پتنگ فروشی اور پتنگ سازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔