کراچی: پاکستان کے ساحل کے قریب سمندر میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں، تاہم کسی بھی ساحلی شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلہ صبح 8 بج کر 31 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 جبکہ زیرِ زمین گہرائی 40 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔پی ایم ڈی کے مطابق زلزلے کا مرکز کیٹی بندر سے 156 کلومیٹر جنوب مغرب میں سمندر کے اندر تھا۔ زلزلے کا مرکز ساحلی علاقے سے فاصلے پر ہونے کے باعث کراچی سمیت دیگر ساحلی شہروں میں اس کے جھٹکے محسوس نہیں کیے گئے۔
زلزلے کے بعد فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق سمندری علاقوں میں آنے والے زلزلوں کے اثرات کا انحصار ان کی شدت، گہرائی اور مرکز کے ساحل سے فاصلے پر ہوتا ہے۔ موجودہ زلزلے کے حوالے سے کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔