انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا شدید زلزلہ، سونامی کا خدشہ ظاہر

انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا شدید زلزلہ، سونامی کا خدشہ ظاہر

انڈونیشیا کے شمالی ساحل کے قریب ہفتہ کی صبح 7.7 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

 امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4:58 بجے، تقریباً 35 کلومیٹر گہرائی میں رونما ہوا۔ زلزلے کے بعد 5.9، 5.6 اور 6.1 شدت کے تین آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔انڈونیشیا کی موسمیاتی، آب و ہوا اور جیو فزکس ایجنسی نے شہریوں کو ساحلوں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے اور متاثرہ ساحلی علاقوں کے مکینوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ زلزلہ فلوریس جزیرے کے قریب سمندر میں کم گہرائی پر آیا، جس سے سونامی کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔ابتدائی اندازوں کے مطابق، اس زلزلے کے سبب تقریباً 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور بعض علاقوں میں نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم انڈونیشین حکومت کی جانب سے تاحال جانی و مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ دوسری جانب، آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال آسٹریلیا کے لیے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔یہ زلزلہ، جو کہ بحرالکاہل کے گرد واقع زلزلہ خیز خطے رنگ آف فائر میں آیا ہے، یہاں معمول کی آتش فشانی اور زلزلہ سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔